سینیٹ کے ممبران کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات منعقد کرانے کے لیے 11 فروری 2021 کو انتخابی پروگرام جاری کیا۔:
الیکشن کمیشن آف پاکستان
شعبہ تعلقات عامہ
پریس ریلیز
اسلام آباد! مورخہ۔13 فروری 2021
ٍٍ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے سینیٹ کے ممبران کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات منعقد کرانے کے لیے 11 فروری 2021 کو انتخابی پروگرام جاری کیا۔
۲۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ امیدواران اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے حوالے سے وقت کی کمی کی وجہ سے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دنوں میں اضافے کی تحریری و زبانی درخواستیں بھی موصول ہوئیں۔
۳۔ الیکشن کمیشن نے ان تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اور امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کے 15 فروری مقرر کر دی ہے۔
۴۔ مزید برآں نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری 2021 کو آویزاں کی جائے گی۔ جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری2021 کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہو گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مستردکئے جانے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 20 فروری2021 مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 23 فروری 2021 مقرر ہے۔ ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 24 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔ جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 25 فروری 2021 مقرر ہے۔ سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ کے لیے پہلے سے مقرر کردہ تاریخ جو کہ 3 مارچ 2021 ہے اس میں کوئی ردوبدل نہیں ہو گا۔