PNA
K92 News
Report By Imran Ghori

سکھر،5اگست 2023: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(ایس آئی یو ٹی ) کا نیا جدید ترین طبی سہولیات سےمزین ایس آئی یو ٹی میڈیکل کمپلیکس سکھر کا باقاعدہ افتتاح بروزمنگل 8اگست،2023 کو سکھر میں کیا جائے گا۔
سکھر بائی پاس کے قریب 27 ایکڑ اراضی پر پھیلاہوا یہ کمپلیکس 6 ارب سے زائد لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جو صوبے کے وسیع دیہی اور دور دراز علاقوں کی بڑھتی ہوئی طبی سہولیات کو پورا کرسکے گا۔ لاڑکانہ، نواب شاہ اور ملحقہ علاقوں میں رہنے والی آبادی پہلے ہی اس توسیعی منصوبے سے مستفید ہو رہی ہے۔
ایس آئی یو ٹی نے ایک دہائی قبل سندھ حکومت کے تعاون سے سکھر میں چھبلانی میڈیکل سینٹر قائم کیا۔یہ نیا میڈیکل کمپلیکس حکومت اور کمیونٹی پارٹنرشپ اور آبادی کی طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک اوراہم قدم ہے۔اس میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں ممبر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے اہم کردار ادا کیا۔
پہلے مرحلے کی تکمیل پرکمپلیکس کو 170 بستروں اور 70 ڈائیلاسز مشینوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اگلے تین ماہ میں یورولوجی، نیفرولوجی اورجگر کے شعبے میں جدید ترین علاج کی سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا ۔ نیز ( PET CTاور Cycolotron )سے آراستہ کینسر کے ایک خصوصی یونٹ کابھی اضافہ کیا جائے گا جو کینسر کے مریضوں کی بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔
شعبہ طب میں ایس آئی یوٹی کا بڑھتا ہوا یہ نیٹ ورک ذات، رنگ یا نسل کے تعصب کے بغیر مفت طبی علاج عزت نفس کے ساتھ فراہم کرنے کے فلسفے پر قائم ہے۔