اہم خبریں

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کا کراچی گیمز شروع کرنے کا اعلان

224

PNA/KUJ  Report

پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی اورایتھلیٹس42 مختلف گیمز میں حصہ لیں گےگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری گیمز کا افتتاح کریں گے،ایڈمنسٹریٹر کراچی کی پریس بریفنگ

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے 3 مارچ 2023 سے کراچی گیمز 2023 کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی اور ایتھلیکٹس 42 مختلف انڈور اور آؤٹ ڈور گیمز میں حصہ لیں گے، کراچی گیمز کا افتتاح گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کریں گے، کراچی گیمز کے انعقاد پر کے ایم سی کا کوئی پیسہ خرچ نہیں ہوگا، کراچی میں کھیلوں کے میدانوں کو بحال اور آباد کریں گے، کراچی گیمز 2023 کی شکل میں ایک بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے جس میں بڑی تعداد میں خواتین بھی حصہ لے رہی ہیں، شائقین زیادہ سے زیادہ تعداد میں کراچی گیمز کے مقابلے دیکھنے آئیں تاکہ ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں کراچی گیمز 2023 کے سیکریٹریٹ کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی گیمز کے انتظامی اور تیکنیکی امور انجام دینے کیلئے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں کراچی گیمز سیکریٹریٹ قائم کردیا گیا ہے جہاں مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور ممبران سمیت ٹیکنیکل عملہ، گراؤنڈ کمیٹی موجود رہے گی جبکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے متعلق صحافیوں کی طرف سے مختلف کھیلوں کی کوریج اور بروقت رپورٹنگ کے لئے میڈیا کارنر بھی فراہم کیاگیاہے،مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنزاور دیگر متعلقہ افراد اس سیکریٹریٹ سے رابطے میں رہیں گے اور کراچی گیمز کے جملہ امور یہاں انجام پائیں گے،انہوں نے کہا کہ ان گیمز کے انعقاد کیلئے مختلف اسپانسرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، کراچی میں کھیلوں کا یہ شاندار اورمنفرد میلہ تقریباً 10 روز تک جاری رہے گا، کراچی گیمز 2023 میں جن کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں کرکٹ، ہاکی، فٹبال، باسکٹ بال، شوٹنگ بال، والی بال، سوفٹ بال، نیٹ بال، ڈاج بال، کراٹے، تائیکوانڈو، جوڈو، وشو، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، اسنوکر، باکسنگ، اسکواش، شطرنج، کبڈی، کشتی رانی، کیرم، باڈی بلڈنگ، سوئمنگ، رولر اسکیٹنگ، سیپک ٹاکرا، فٹسال، رسہ کشی، جمناسٹک، ریسلنگ، تیراندازی، اسکریبل، ٹینس، سائیکل ریس، ڈنکی کارٹ ریس، آرم ریسلنگ، ماس ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، میراتھن ریس، فیلڈ اینڈ ٹریک کے علاوہ سندھ کا روایتی ثقافتی کھیل ملاکھڑا کبڈی اور کھوکھو شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی گیمز کی افتتاحی تقریب کے بعد کھلاڑی زیادہ تر کھیلوں میں کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڈ اور ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں فراہم کردہ سہولیات سے استفادہ کریں گے جبکہ دیگر آؤٹ ڈور مقابلوں میں کرکٹ کے مقابلے ناظم آباد جیم خانہ، ایسٹرن اسٹار گراؤنڈ، ٹی ایم سی گراؤنڈ، گلبرگ جیم خانہ، شاداب گراؤنڈاورنگی، لانڈھی جیم خانہ، کے پی گراؤنڈ اور ہاکی کے مقابلے کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم اور اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے، فٹبال ٹورنامنٹ کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم، ٹرانس لیاری فٹبال گراؤنڈ، سکیسٹن اسٹار فٹبال گراؤنڈ، ابراہیم حیدری فٹبال گراؤنڈمیں جبکہ باسکٹ بال کے مقابلے آرام باغ کورٹ میں اور ٹیبل ٹینس مقابلے سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس ناظم آباد،باکسنگ کے مقابلے پیپلز اسپورٹس کمپلیکس میں، اسنوکر، کشتی رانی، سائیکل ریس، ڈنکی کارٹ ریس مقرر ہ مقامات پر منعقد ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.